کمٹہ26/اکتوبر(ایس او نیوز) نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم نے جماعت المسلمین کمٹہ کے تعاون سے مدرسہ محمدیہ ہال میں مسلم پرسنل لاء کے سلسلے میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا۔اور لاء کمیشن کے یکساں سول کوڈ کی تجویز کے خلاف اور مسلم پرسنل لاء کی حمایت میں دستخطی مہم کا آغاز کیا گیا۔
اس موقع پر تشریف فرما مہمان مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ اسلام ہی وہ مذہب ہے جس نے خواتین کو حقوق دیتے ہوئے ان کا مرتبہ بلند کیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ مسلم عوام دین اور شریعت کی مکمل پابندی کریں اوراستقامت کے ساتھ دین پر جمے رہیں۔جو کہ ہرپہلو سے پرسکون اور کامیابی کی ضمانت ہے۔
بھٹکل سے تشریف لانے والے ایک اور مہمان جناب مولانا عبدالعلیم قاسمی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے ملک میں جاری لاء کمیشن کی یکساں سول کوڈ والی تجویز پر مسلمانوں کے ردعمل اور دستخطی مہم کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان شا ء اللہ مسلم پرسنل لاء کے تحفظ کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہونگی۔
جلسے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جنرل سکریٹری نارتھ کینر امسلم یونائٹیڈ فورم محسن قاضی نے حاضرین اور مہمانان کا استقبال کیا۔اور جلسے کی صدارت جناب بستی عبد الملک صاحب نے انجام دی۔اس موقع پر خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے سابق جنرل سکریٹری جناب محمد میراں صدیق، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر جناب امتیاز ادیاور،نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم کمٹہ یونٹ کے صدر جناب اکبر ملا،جنرل سکریٹری جناب علی دمکر، ابو صلح وغیرہ موجود تھے۔